Aaj News

جمعہ, مئ 17, 2024  
08 Dhul-Qadah 1445  

ٹرمپ کی عالمی ادارہ برائے صحت کی مالی امداد روکنے کی دھمکی

اپ ڈیٹ 08 اپريل 2020 08:31am
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ- فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے لیے امریکی مالی معاونت میں کمی کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے اس پر الزام عائد کیا کہ کورونا وائرس کے وبائی مرض کے دوران اس کا جھکاؤ چین کی طرف ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 'ہم عالمی ادارہ صحت کو دیے جانے والے فنڈز روک رہے ہیں۔'

 دنیا بھر کے ممالک میں عالمی ادارہ صحت کی سب سے زیادہ مالی امداد امریکا کرتا ہے تاہم "سب سے پہلے امریکا" کا نعرہ لگانے والے ٹرمپ ڈبلیو ایچ او سے قبل کئی دیگر عالمی تنظیموں کو بھی تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔

ٹرمپ نے اس حوالے سے تفصیلات نہیں بتائیں کہ ڈبلیو ایچ او کی کتنی فنڈنگ روکی جائے گی تاہم اس بیان کے تھوڑی دیر بعد ہی ایک اور پریس کانفرنس میں انہوں نے یہ بھی کہہ دیا کہ 'میں یہ نہیں کہہ رہا کہ میں ایسا کرنے جا رہا ہوں۔ ہم فنڈگ کے خاتمے پر غور کریں گے۔'

ٹرمپ کے بقول 'یوں لگتا ہے کہ ڈبلیو ایچ او کا چین کی طرف بہت جھکاؤ ہے جو ٹھیک نہیں ہے۔'

قبل ازیں منگل کو انہوں نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ عالمی ادارہ صحت کی توجہ 'بہت زیادہ چین پر مرکوز' ہے۔

امریکی صدر نے کہا تھا کہ 'خوش قسمتی سے میں نے چین کے لیے امریکی سرحدوں کو کھلا رکھنے کی عالمی ادارہ صحت کی تجویز رد کر دی تھی۔'

انہوں نے اس حوالے سے ڈبلیو ایچ او کی سرحدیں کھلی رکنے کی تجویز کو ناقص قرار دیا۔

جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق امریکا میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی وجہ سے سب سے زیادہ ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں جن کی تعداد 1736 ہے۔

یوں امریکا میں کورونا سے ہونے والی کل ہلاکتوں کی تعداد 12 ہزار 722 تک پہنچ گئی ہے۔

امریکا میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد لگ بھگ چار لاکھ ہوگئی ہے۔